نارتھ ساؤنڈ ،4جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چوتھے ون ڈے میچ میں عالمی فہرست میں تیسرے نمبر کی ہندوستان ٹیم کو شکست دینے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم اور اس کے کوچ اسٹیورٹ لاء کی خوشی کا ٹھکانا نہیں ہے۔ویسٹ انڈیز ٹیم کے کوچ اسٹیورٹ لاء نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اورٹیم نے حال ہی میں دنیا کی دو بہترین ٹیموں کو شکست دی ہے۔میچ کے بعد لاء نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے کچھ ہفتے پہلے پاکستان کو شکست دی تھی وہ بھی 300کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے۔اس بار ہم نے ہندوستان کے خلاف کم اسکور کا دفاع کیا،ہم نے دنیا کی دو بہترین ٹیموں کو شکست دی ہے،یہ ہمارے لئے بڑا پڑاؤ ہے،ہم اب اس دور کے قریب ہیں جہاں ہم جانا چاہتے ہیں۔
غور طلب ہے کہ ہندوستان کے خلاف اتوار کو ہوئے چوتھے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے ٹیم انڈیا پر 11رنز کی دلچسپ جیت درج کی تھی۔پانچ میچوں کی سیریز میں ٹیم انڈیا اس وقت 2-1کی برتری بنائے ہوئے ہے۔چوتھے ون ڈے کی اس جیت کے بعد ویسٹ انڈیز کے پاس سیریز کو برابر کرنے کا موقع ہے لیکن اس کے لئے ٹیم کو پانچواں ون ڈے میچ جیتنا ضروری ہے۔سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذرہو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے،میں نے ان کھلاڑیوں کو کافی قریب سے دیکھا ہے،میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ یہ قابلیت کی کمی کی بات نہیں ہے۔ویسٹ انڈیز کی جیت میں کپتان جیسن ہولڈر کے پانچ وکٹوں نے اہم رول نبھایا۔کوچ نے کہا کہ ان کی ٹیم کو زبردست کرکٹ کھیلنی چاہئے کیونکہ کھلاڑیوں کے پاس قابلیت ہے۔
کوچ کے مطابق ان کے پاس قابلیت ہے اور یہ اب صرف اپنے آپ کی شناخت کی بات ہے۔انہیں کب کون سا شاٹ کھیلنا ہے، اس بارے میں دانشمندانہ طریقے سے سوچنا ہوگا،اگر آپ نے ان کو قریب سے دیکھا ہوگا تو پتہ چلے گا کہ انہوں نے اہم وقت پر وکٹ کھوئے ہیں،اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو اس سے ہم دباؤ میں آ جائیں گے،ہم سیکھ رہے ہیں اور اس کے بارے میں ہمیشہ بات کرتے ہیں،وہ ایماندار ہیں،ہم اسے ایمانداری سے حل کر سکتے ہیں۔